بنگلورو،26؍جولائی(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے ہر ایک وارڈ میں ورزش کی سہولت فراہم کرنے کے لئے جم کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جارہاہے۔ اس سلسلے میں منظور شدہ تجویز کارروائی کے لئے بی بی ایم پی کمشنر کو روانہ کی گئی ہے۔
یہ بات آج بی بی ایم پی وارڈ ورکس کمیٹی کے چیرمین عمران پاشاہ نے بتائی۔گاندھی نگر اسمبلی حلقے میں آنے والے سوتنرا پالیہ وارڈ میں 20لاکھ روپیوں کی لاگت سے تیار کی گئی جم کی عمارت کا کمیٹی کے ا راکین کے ہمراہ معائنہ کرتے ہوئے عمران پاشاہ نے اخباری نمائندوں کو بتایاکہ نوجوانوں میں حفظان صحت کے متعلق بیداری خوش آئند ہے۔ بی بی ایم پی کی طرف سے قائم کی جانے والی جم ان نوجوانوں کے لئے کافی فائدہ مند ہوگی جو بھاری قیمت ادا کرکے جم کی سہولت حاصل نہیں کر پاتے۔ ان نوجوانوں کو سہولت دینے کے مقصد سے بی بی ایم پی نے شہر کے سبھی 198 وارڈوں میں ہیلتھ کلب شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر سے کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ہی مختلف وارڈوں میں اس طرح کے کلبوں کی شروعات کو منظوری دی جائے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صحت کی حفاظت میں مدد مل سکے اور وہ ان ہیلتھ کلبوں میں قائم ہونے والی جمس میں ورزش کرسکیں۔ مختلف وارڈوں میں ایس ایف سی گرانٹ کے تحت شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کے مکمل نہ ہونے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ چندٹکنیکی رکاوٹوں کے سبب یہ کام مکمل نہیں ہوئے ، اب ان تمام رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے اور دوبارہ ٹنڈر طلب کرنے کے لئے کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس موقع پر کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔